نئی دہلی ، 13؍فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )سبرامنیم سوامی نے تمل ناڈو میں سیاسی بحران کے درمیان حیران کن خلاصہ کیا ہے۔انہوں نے انڈیا ٹوڈے سے خصوصی بات چیت میں مرکزی حکومت کی دخل اندازی کو لے کر بھی بیان دیا ۔غورطلب ہے کہ سوامی بی جے پی لیڈر ہیں اور پارٹی کی مدد سے راجیہ سبھا رکن بھی ہیں۔سوامی نے کہا جہاں تک مجھے معلوم ہے ، گورنر کے موقف پر مرکزی حکومت کا کوئی رول نہیں ہو سکتا،لیکن مجھے پتہ چلا ہے کہ مرکزی حکومت کے کچھ وزیر تمل ناڈو میں چل رہے سیاسی بحران میں دلچسپی لے رہے ہیں، حالانکہ میں ان کا نام نہیں لے سکتا۔واضح رہے کہ مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو نے حال میں ہی تامل ناڈو کو لے کر بیان دیا تھا۔نائیڈو سے ان کی پڑوسی ریاست تمل ناڈو میں غیر یقینی سیاسی صورتحال کے بارے میں سوال کیا گیا۔اس پر نائیڈو نے کہا کہ جب آپ گورنر کو خط لکھ رہے ہیں، کسی کو ان پر ذاتی مفاد ات سے کام کرنے کا الزام نہیں لگانا چاہیے ، وہ بہت ہی منصفانہ طریقے سے برتاؤ کر رہے ہیں اور اپنا فرض ادا کر رہے ہیں۔قابلِ ذکر ہے کہ انا ڈی ایم کے کی جنرل سکریٹری وی کے ششی کلا حکومت بنانے کے لیے دعوت ملنے میں ہو رہی تاخیر کو لے کر تامل ناڈو کے گورنر کو خط لکھ چکی ہیں۔وینکیا نائیڈو نے کہا کہ وزیر اعلی کا کوئی عہدہ ہی خالی نہیں ہے جسے بھرا جانا ہے کیونکہ پہلے سے ہی ایک حکومت ہے جس کی قیادت ایک وزیراعلیٰ کررہے ہیں۔نائیڈو نے کہاکہ حقیقت یہ ہے کہ او پنیر سیلوم آنجہانی جے للتاکے دوران بھی وزیراعلیٰ منتخب ہوئے تھے، اس کے بعد انا ڈی ایم کے کے لیڈروں نے خود انہیں وزیر اعلی بنایا،میں ان کا کوئی پیروکار نہیں ہوں کہ ان کی طرف سے سمجھاؤں۔نائیڈو نے یہ بھی واضح کیا کہ بی جے پی کے پاس تمل ناڈو اسمبلی میں کوئی رکن نہیں ہے اور پارٹی کے لیے وہاں حکومت بنانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم کوئی بنیاد تیار نہیں کر رہے ہیں،یہ ان کا اندرونی معاملہ ہے، انا ڈی ایم کے جنرل سکریٹری اور وزیراعلیٰ پنیرسیلوم دونوں بیان دے رہے ہیں۔بی جے پی لیڈر سوامی نے یہ بھی کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ ششی کلا دہلی بطور وزیراعلیٰ آئیں،اس سے پہلے نہیں آئیں۔